پنجی، 27؍ستمبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )گوا میں انجونا کے ساحل پر 35سالہ ایک برطانوی خاتون کے مردہ پائے جانے کے 6 سال بعدمرکزی جانچ بیورو(سی بی آئی)نے معاملے میں کلوزر رپورٹ دائر کر دی ہے کیونکہ حملے یا قتل کا کوئی ثبوت نہیں ملاہے ۔ڈینسے سوینے کی موت کے معاملے میں ممبئی سے یہاں آئی سی بی آئی کی ایک خصوصی ٹیم نے کل 50صفحات کی کلوزر رپورٹ دائر کی۔ممبئی میں سی بی آئی کی خصوصی شاخ کے سربراہ نندکمار نیر نے آج میڈیا سے کہاکہ رپورٹ عدالتی مجسٹریٹ ماپسا کے سامنے دائر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ فا رنسک جانچ کے مطابق موت کی وجہ سرے برل پلمنری ایڈیم تھی ، جس کا مطلب دماغ اور پھیپھڑوں میں خون کا جم جانا ہوتا ہے۔نیر نے کہا کہ حملے یا قتل کا کوئی ثبوت نہیں ملا ہے ۔کوئی عینی گواہ یا ثبوت نہیں ملا جس کی وجہ سے کلوزر رپورٹ دائر کرنی پڑی۔سوینے گوا میں چھٹی منانے پہنچی تھی اور وہ 16؍اپریل 2010کو انجونا ساحل کے علاقے میں ایک نائٹ کلب کے ٹوائلٹ کے پاس مردہ پائی گئی تھی۔مقامی پولیس نے موت کا سبب منشیات کا زیادہ مقدار میں استعمال بتایا تھا، لیکن سوینے کے خاندان کی طرف سے گڑبڑی کا اندیشہ جتائے جانے کے بعد قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا تھا۔سی بی آئی نے جنوری میں جانچ اپنے ہاتھ میں لی تھی۔سوینے معاملے میں کلوزر رپورٹ ایسے وقت میں دائر کی گئی ہے جب کچھ دن پہلے پنجی میں واقع گوا چائلڈ عدالت نے برطانوی خاتون اسکارلٹ ایڈن کلنگ کی موت اور جنسی استحصال کے معاملے میں دو ملزمان کو بری کر دیا تھا۔اسکارلٹ کلنگ کی موت انجونا کے ساحل پر فروری 2008میں ہوئی تھی۔